جرمنی میں 50/ کروڑ روپے کی لاگت سے جامعہ احمدیہ کی نئی عمارت کا افتتاح
فرینکفرٹ (نمائندہ جنگ) جرمن دارالحکومت سے کچھ فاصلے پر جماعت احمدیہ کے سربراہ مرزا مسرور احمد نے جماعت کی جانب سے قائم کی گئی جامعہ احمدیہ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا جہاں جماعت اپنی عبادت گاہوں اور مراکز میں ارکان کی رہنمائی کے لئے مبلغوں اور مربیوں کی تعلیم و تربیت کرے گی۔ سات ہزار مربع میٹر رقبہ پر چار ملین یورو تقریبا50کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں تین شہروں کے میئر، ریاستی قانون ساز اسمبلی کے ارکان، ریاستی حکومت کے ایک سیکرٹری، وفاقی ادارہ برائے امیگریشن کا ایک نمائندہ موجود تھے۔ یہاں احمدیت کی سات سالہ تعلیم دی جائے گی۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران جماعت کے سربراہ نے کہا کہ اس ادارے میں غیر احمدی بھی تعلیم حاصل کر سکیں گے مگر انہیں یہاں کے قواعد و ضوابط کی پابندی کرنی ہوگی۔جماعت احمدیہ کے سربراہ کو دورہ جرمنی کے دوران ریاست ہیسن کی حکومت اور فرینکفرٹ کی شہری انتظامیہ کی جانب سے استقبالیے دیئے گئے۔
Categories: Ahmadis And Pakistan

